ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ثابت قدم, متحد رہے، اور وقار کے ساتھ فتح یاب ہوئے؛صدر آصف زرداری

Youm e Tashakar, یومِ تشکر، president Asif Ali Zardari
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: صدرِ  آصف علی زرداری   نے  یوم تشکر  پر کہا ہے، ہم ثابت قدم اور متحد رہے، اور وقار کے ساتھ فتح یاب ہوئے۔

آج قومی یومِ تشکر پر  قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا،  مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے بھارتی اشتعال انگیزی کا نہایت پیشہ ورانہ انداز، درستگی اور قوت کے ساتھ جواب دیا۔ مجھے خوشی ہے کہ دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری اُس آپریشنل مہارت کو بھی تسلیم کیا جس نے دشمن کو اپنی جارحیت سے باز آنے پر مجبور کیا۔ 

صدر آصف زرداری نے کہا،   آج ہم بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور یوم تشکر منا رہے ہیں۔ میں ربِ ذوالجلال کا شکر گزار ہوں کہ اُس نے ہمیں اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا۔ میں اس کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور پوری فوجی قیادت بالخصوص چیئرمین جائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف اور چیف آف نیول اسٹاف کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ یہ کامیابی صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، جو دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑے رہے۔

صدرِ مملکت نے چھ مئی سے دس مئی تک جاری رہنے والے معرکہِ حق میں پاکستان کی مسلح افواج کے  جوانوں کے تاریخ ساز کردار کو یاد کرتے ہوئے کہا، مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے بھارتی اشتعال انگیزی کا نہایت پیشہ ورانہ انداز، درستگی اور قوت کے ساتھ جواب دیا۔ مجھے خوشی ہے کہ دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری اُس آپریشنل مہارت کو بھی تسلیم کیا جس نے دشمن کو اپنی جارحیت سے باز آنے پر مجبور کیا۔ ہم ثابت قدم اور متحد رہے، اور وقار کے ساتھ فتح یاب ہوئے۔

صدر زرداری نے مزید کہا  پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔ تاہم، کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے: پاکستان اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا، ہم اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔ خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہمارے عزم کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم سندھ طاس معاہدے کی کسی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں۔ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائے گا۔