وقاص عظیم: وزارت خزانہ کے جاری اعلامیے کے مطابق ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے وافر ذخائر دستیاب ہیں، مارچ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی ضروریات مکمل طور پر پوری ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے وافر ذخائر دستیاب ہیں، مارچ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی ضروریات مکمل طور پر پوری ہیں۔ حکام نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کے پاس پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اپریل کے وسط تک دستیاب ہیں،پیٹرول کی قلت کا کوئی خطرہ نہیں،عوام گھبراہٹ میں خریداری سے گریز کریں۔
حکام کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، علاقائی صورتحال کے پیش نظر تیل کی درآمد کے ذرائع متنوع بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پیٹرول ذخیرہ کرنے اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کیا گیا ہے، اس سلسلے میں اوگرا اور صوبائی حکومتوں کو مارکیٹ کی سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے جس کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور درآمدات کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔