ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 ثنا یوسف قتل کیس: ملزم کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور    

 ثنا یوسف قتل کیس: ملزم کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور    
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل سے متعلق کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے گرفتار ملزم عمر حیات کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

سماعت علاقہ مجسٹریٹ محمد حفیظ کی عدالت میں ہوئی جہاں پولیس نے ملزم کو شناخت پریڈ کے بعد دوبارہ عدالت میں پیش کیا۔ پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ شناخت پریڈ مکمل ہو چکی ہے اور ملزم کو اس کی والدہ اور پھوپھو نے شناخت کیا ہے۔

پولیس نے عدالت سے ملزم کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاکہ ملزم سے زیر استعمال موبائل فون اور گاڑی کی برآمدگی ممکن ہو سکے۔

عدالت میں پیشی کے دوران ملزم عمر حیات نے مؤقف اپنایا کہ موبائل پولیس کے حوالے کر چکا ہوں اور عدالت سے میڈیکل کرانے کی درخواست کی۔ عدالت نے ملزم کے میڈیکل کرانے کا حکم دے دیا۔

ملزم نے مزید کہا کہ خاندان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا اور نہیں جانتا کہ وکیل کرنا ہے یا نہیں۔

عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔