سٹی42: پنجاب حکومت نے عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبہ بھر میں 100 نئے سہولت بازار قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ سہولت بازار پنجاب کی 100 تحصیلوں میں پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز ڈیپارٹمنٹ کے تحت قائم کیے جائیں گے جن کی تکمیل کی آخری تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔ منصوبے کے لیے آئندہ بجٹ میں 13 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
لاہور میں بھی سہولت بازاروں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید 15 مقامات پر بازار قائم کیے جائیں گے۔ ان میں شیر شاہ کالونی، سبزہ زار، ٹاؤنشپ، رائیونڈ، ہربنس پورہ، میاں پلازہ، وحدت کالونی، چائنہ سکیم، چوہنگ اور ٹھوکر نیاز بیگ شامل ہیں۔
دیگر شہروں میں بھی سہولت بازار قائم کیے جائیں گے جن میں ڈی جی خان، بہاولپور، وہاڑی، لودھراں، لیہ، چکوال, فیصل آباد، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فاروق آباد، وزیرآباد، جڑانوالہ، بھلوال، چونیاں، پتوکی، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، نارووال، چنیوٹ، شرقپور، جہلم شامل ہیں۔