ویب ڈیسک: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور انسانی حقوق کی علمبردار مشعال ملک نے ایک ویڈیو بیان میں عالمی برادری کی خاموشی پر سخت سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ آج کی دنیا انصاف اور امن کی بات تو کرتی ہے، مگر جب غزہ، کشمیر یا فلسطین میں معصوموں پر بم برسائے گئے، تو انسانیت کیوں خاموش رہی؟
انہوں نے کہا کہ آج اسرائیلی عوام انصاف مانگ رہی ہے لیکن کیا کسی کو وہ چیخیں یاد ہیں جو فلسطینی بچوں کی لاشوں سے بلند ہوئیں؟ان کا مزید کہنا تھا کہ جب انصاف کا ترازو جھک جائے، تو امن صرف ایک دھوکہ رہ جاتا ہے۔
مشعال ملک نے دنیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت ہے کہ ہم صرف دیکھنے والے نہ رہیں بلکہ حق، سچ اور انسانیت کے ساتھ کھڑے ہوں۔خون کا رنگ سب کا ایک جیسا ہوتا ہے، چاہے وہ کسی فلسطینی کا ہو یا کسی اسرائیلی کا۔مظلوم کی چیخیں قوم اور مذہب نہیں دیکھتیں، صرف انصاف مانگتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر ماں کا دکھ ایک جیسا، ہر آنکھ کا آنسو ایک جیسا ہوتا ہے۔
مشعال ملک کے مطابق امن کی بنیاد صرف انصاف پر ہو سکتی ہے، طاقت پر نہیں۔
ان کا زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیری ہوں یا فلسطینی، مظلوم کا ساتھ دینا انسانیت کا تقاضا ہے۔مشعال ملک نے اپنے جذباتی پیغام میں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے سوال اٹھایا کہ دوہرا معیار انصاف کو قتل کرتا ہے، کیا دنیا تیار ہے اپنی خاموشی کا حساب دینے کو؟