یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو مزید امتحانات لینے کی اجازت

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو مزید امتحانات لینے کی اجازت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( بسام سلطان ) حکومت پنجاب نے کورونا کے باعث لاک ڈاؤن میں 30 جون تک توسیع کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو مزید امتحانات لینے کی اجازت دیدی۔

سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو بی ڈی ایس، بی ایس سی نرسنگ، ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی اور بی ایس سی الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے فائنل ایئرسپلیمنٹری امتحانات لینے کی اجازت دی گئی ہے۔

اس سے قبل پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں کو صرف ایم بی بی ایس فائنل ایئر سپلیمنٹری امتحانات کے انعقاد کی اجازت دی گئی تھی۔ تاہم اب صرف یو ایچ ایس کو باقی فائنل ائیر ضمنی امتحانات کروانے کی اجازت دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق امتحانات کورونا ایس او پیز کے مطابق کروائے جائیں گے۔       

واضح رہے حکومت کی جانب سے یو ایچ ایس کو امتحانات کے انعقاد سے روک دیا گیا تھا، 10 جون کو کابینہ کمیٹی کی اجازت سے پرائمری ہیلتھ نے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، پنجاب کے 37 اور آزاد کشمیر کے 3 میڈیکل کالجوں کے طلبہ امتحانات دیں گے، امتحانات کیلئے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کی سربراہی میں اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر اسد ظہیر، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ثاقب محمود اور دیگر افسران کی شرکت کی۔

پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ امتحانات کے انعقاد کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد ہوگا، سفرنہ کرنیوالے امیدوار اپنا امتحانی مرکز تبدیل کراسکتے ہیں، امیدوار کالج پرنسپل کے ذریعے 25 جون تک درخواستیں دیں۔ امتحانی مرکز تبدیل کرنے کی فیس نہیں لی جائے گی، میڈیسن کے مضمون پر 291، سرجری میں 382 امیدوار امتحان دیں گے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گائنی میں 142 جبکہ پیڈز میں 373 امیدوار امتحان دیں گے۔ امتحانات کیلئے 10 شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے، میڈیسن ون کا پرچہ پہلے ہی ہوچکا ہے۔