ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کل مفت ومعیاری تعلیم کی فراہمی کے وعدہ کی تکمیل کا دن ہے، وزیر تعلیم

کل مفت ومعیاری تعلیم کی فراہمی کے وعدہ کی تکمیل کا دن ہے، وزیر تعلیم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جنید ریاض:صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ کل پنجاب میں مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کا اہم دن ہے، کیونکہ کل سے نواز شریف سکول آف ایمیننس کا باقاعدہ افتتاح اور تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود ہر ڈویژن کا دورہ کریں گی اور مرحلہ وار نواز شریف سکول آف ایمیننس کا افتتاح کریں گی۔

وزیر تعلیم کے مطابق ابتدائی مرحلے میں قائم کیے گئے 65 سکولوں میں داخلوں کے لیے 71 ہزار سے زائد امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں، جبکہ متعدد نشستوں پر گنجائش سے کہیں زیادہ درخواستیں موصول ہونے کے باعث کئی طلبہ ویٹنگ لسٹ میں شامل ہیں۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ سکول آف ایمیننس کو عالمی معیار کے مطابق قائم کیا گیا ہے اور داخلوں کے عمل میں مکمل طور پر میرٹ کو مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ اہل اور مستحق طلبہ کو بہترین تعلیمی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ جلد ہی پنجاب بھر میں 300 نواز شریف سکول آف ایمیننس مکمل کر کے فعال کر دیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ جدید اور معیاری تعلیم سے مستفید ہو سکیں۔