وسیم عظمت :آج ساون کا آغاز ہو گیا ہے، پنجابی کیلینڈر کے مہینے ساون کا آج پہلا دن ہے اور لاہور میں ساون کی پہلی جھڑی لگی ہوئی ہے، تین روز سے مدھم اور تیز بارش کی بوچھاریں پڑ رہی ہیں اور آسمان ہمہ وقت سرمئی بادلوں سے ڈھکا ہوا نظر آتا ہے، ساون کی پہلی جھڑی کے مزید ڈھائی تین روز رہنے کا امکان ہے۔
آج پنجابی کیلینڈر کے مطابق ساون کی پہلی تاریخ ہے۔ ساون کے مہینے کو بارش خصوصاً بارش کی جھڑیوں سے منسوب کیا جاتا ہے۔ اس مہینے کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ کئی کئی روز تک جاری رہ سکتا ہے، اس ساون میں کئی جھڑیاں لگنے کا امکان دکھائی دیتا ہے اور ساون کا آغاز کی روایتی جھڑی سے ہوا ہے۔ یہ جھڑی کم و بیش دو دن مزید رہ سکتی ہے۔
ساون کے پکوان
روز مرہ زندگی کے کاموں میں بارش سے معمولی خلل پڑنے کے باوجود لاہور کے زندل دل شہری ساون کی پہلی جھڑی کا خوب مزا لے رہے ہیں، گھروں میں ساون کے روایتی پکوان بنائے جا رہے ہیں اور شہر کی فوڈ آؤٹ لیٹس پر بھی کھانے والوں اور کھانے بنوا کر گھر لے جانے والوں کا ہجوم دکھائی دے رہا ہے۔
ساون کے خاص پکوانوں میں بیسن کے پکوڑے والی کڑی، بیسن کی کوٹنگ والے اروی کے پتے، انواع و اقسام کی دالیں، دال چاول(مسور کی دال اور سفید چاول) سب سے زیادہ پسند کئے جاتے ہیں۔




ان دنوں کے دوران شہر کی سڑکوں پر روز مرہ امور انجام دینے کے لئے آنے جانے والوں کا ہجوم معمول کے مطابق رہا اور اس کے ساتھ خاص طور سے موسم کو انجوائے کرنے کے لئے باہر نکلنے والے شہریوں کی بھی بڑی تعداد شام سے رات تک سڑکوں پر دکھائی دی۔
پیر، منگل اور آج بدھ کے روز لاہور شہر کے کچھ علاقوں میں کافی سے زیادہ بارش برسی، کچھ علاقوں میں درمیانہ درجہ کی بارش ہوئی اور کچھ علاقوں میں قدرے کم لیکن سبھی علاقوں میں موسم از حد خوشگوار رہا اور بجلی سمیت شہری زندگی کی تمام سہولیات تسلسل کے ساتھ دستیاب رہیں۔
شہر کی صفائی اور بارش کے پانی کا ڈسپوزل
گزشتہ چند سال کے دوران لاہور شہر میں بارش کے پانی کے ڈسپوزل کا نظا، بتدریج بہتر ہوا ہے اور صفائی کے نظام میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے جس کے ثمرات حالیہ ساون کی جھڑی میں نمایاں دکھائی دے رہے ہیں۔ شہر کے چند نشیبی علاقوں کو چھوڑ پر شہر کی بیشتر آبادیوں میں بارش کا پانی تیزی سے ڈسپوز آف کیا جا رہا ہے اور سڑکوں اور گلیوں پر عمومی صفائی کا نطام مسلسل بارش کے باوجود رو بہ عمل ہے اور سڑکیں تقریباً صاف دکھائی دے رہی ہیں۔ شہر کے تمام انڈر پاسز سے پانی کا انخلا بروقت ہوتا رہا ہے اور کسی انڈر پاس میں پانی جمع رہنے اور ٹریفک میں خلل آنے کا کوئی واقعہ بدھ کی شام تک سامنے نہیں آیا۔
حادثات سے بچاؤ
لاہور شہر کی قدیم اور جدید تمام آبادیوں میں درجنوں مکانات مسلسل بارش کے لئے ولنریبل ہیں لیکن تین دن کی جھڑی کے دوران آج بدھ کی شام تک شہر میں بارش سے ریلیٹِڈ کوئی حادثہ رپورٹ نہیں ہوا۔
سڑکوں پر ٹریفک حادثات البتہ معمول کے مطابق ہو رہے ہیں، ان میں کوئی کمی نہیں تو کوئی اضافہ بھی دیکھنے میں نہیں آیا۔
مزید تین دن تک بارش، بادل اور مدھر ہوائیں
لاہور شہر میں بارش کل جمعرات اور پرسوں جمعہ کے روز بھی ایسے ہی برسنے کا امکان ہے، کبھی بوندا باندی، کبھی تھوڑی تیز بارش کی بوچھار اور کبھی دو چار گھڑی کے لئے دھوپ رہے گی، ٹمپریچر معتدل رہے گا اور ہوا چلتی رہے گی۔
19 جولائی کو ہفتے کے روز البتہ بارش نہ ہونے کا امکان ہے۔ اس کے باوجود آسمان پر تھوڑے بادل موجود رہیں گے اور ہوا بھی چلتی رہے گی۔
اتوار 20 جولائی کو ایک بار پھر سورج چمکے گا اور ماحول میں حدت واپس آئے گی۔