ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اربن فلڈ نہیں آیا۔۔۔!  آج پھر تھنڈر سٹارمز کی پیشین گوئی: یا حیرت!

Lahore weather update, weather forecast, MET Department
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

وسیم عظمت:   موسم کی فور کاسٹ کرنے کے ذمہ دار سرکاری ادارہ کی کل ہفتہ کے روز  فورکاسٹ میں آج بہت سی جگہوں پر تھنڈر سٹارم (گرج چمک کے ساتھ بارش) آنے کی پشین گوئی کی گئی تھی،  ادارہ کی بیشتر پیشین گوئیوں کی طرح یہ پیشین گوئی بھی غلط نکلی، لاہور اور بیشتر دوسرے علاقوں میں تھنڈر سٹارم نہیں آئے۔ آج اور کل کیلئے سٹی42 کی فورکاسٹ میٹ ڈیپارٹمنٹ کی پیشین گوئی سے قدرے مختلف ہے۔

 ادارہ نے آج ایک بار پھر تھنڈر سٹارم آنے کی پیشین گوئی کر ڈالی ہے۔ بظاہر آج بھی اس پیشین گوئی کے صحیح ہونے کا کوئی امکان نہیں لیکن پاکستان کے عوام کے پاس موسم کا حال جاننے کا "محکمہ موسمیات" کے "ٹیوے" کےسوا کوئی ذریعہ نہیں۔

آج پھر درجنوں جگہوں پر تھنڈر سٹارم کی پیشین گوئی;

آج پھر  میٹ ڈیپارٹمنٹ (محکمہ موسمیات) کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی گئی نئی پیشین گوئی میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں آج بوندا باندی ہونے کا امکان ہے اور لاہور،  راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور،شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر ، میانوالی، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور لیہ میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش (تنڈر سٹارم)  کا امکان ہے۔ 

"مون سون کا  دوسرا سپیل"، "مون سون کا  تیسرا سپیل"

پہلے میٹ ڈیپارٹمنٹ/  محکمہ موسمیات کو  یہ القا ہوا تھا کہ 11 جولائی سے پاکستان میں مون سون کا دوسرا سپیل" شروع ہو گا اور بہت  ہی زیادہ بارشیں ہوں گی، سیلاب آ جائیں گے، شہر اربن فلڈ بھگتیں گے، پہاڑوں کی سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ ہو گی اور دنیا کی برسات سے جڑی ہر آفت پاکستان میں نازل ہو جائے گی،  گیارہ گزری، بارہ بھی گزر گئی پھر 13 جولائی سے "بارشوں کے تیسرے سپیل" کے آغاز کی نئی پیشین گوئی کی گئی اور تیرہ جولائی بھی اب تمام ہونے کو ہے۔  اس دوران پنجاب بھر میں، سندھ، بلوچتان، خیبر پختونخوا میں کوئی طوفانی بارشیں نہیں ہوئیں، اب میٹ ڈیپارٹمنٹ اپنی جھوٹ نکلی پیشین گوئی کی تاریخ تبدیل کر کے نعرے لگا رہا ہے کہ " تیسرا اسپیل 15 جولائی سے 17 جولائی تک ملک بھر میں اثر انداز ہوگا۔" آج شام  میٹ ڈیپارٹمنٹ نسبتاً محتاط زبان اختیار کر کے بتا رہا ہے کہ "تیسرے اسپیل میں متعدل شدت کی بارش کا امکان ہے۔"

آج لاہور شہر میں کیا ہوا

بادل آئے لیکن بارش کی ایک بوند بھی نہیں ٹپکی، سورج دن بھر کے دوران کئی بار بادلوں کے پیچھے چھپا، کئی بار  مسلسل پندرہ بیس منٹ کے لئے چمکا تو شہریوں کو دن میں تارے نظر آنے لگے۔ میت ڈیپارٹمنٹ کی آج لاہور میں "گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے" کی پیشین گوئی صحیح نہیں نکلی۔

کل پیر کے روز لاہور میں دراصل کیا ہو سکتا ہے

صبح بادل آ سکتے ہیں لیکن بارش نہیں ہو گی، دوپہر اور شام کو شہر میں کہیں  چند منٹ کے لئے چھینٹے پڑ سکتے ہیں۔ 

زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک  بڑھ سکتا ہے۔  اس سے زیادہ نہ تو گرمی پڑنے کا امکان ہے نہ بارش برسنے کا خطرہ ہے۔

 کل منگل کے روز شہر میں  صبح کے وقت تھنڈر سٹارم آ سکتا ہے جو انتہائی معمولی نوعیت کی بارش کچھ دیر کے لئے لا سکتا ہے اور شہر کے کچھ حصوں میں قدرے زیادہ پانی بھی برس سکتا ہے۔ لیکن اس سے کسی بھی علاقہ میں "اربن فلڈنگ" بہرحال ہونے کا خطرہ نہیں۔

موسم گرم، حبس اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ساتھ ساتھ

میٹ ڈیپارٹمنٹ کی سٹیریو ٹائپ پیشین گوئی آج بھی یہی ہے کہ "آج رات" ملک کے بیشتر علاقوں" میں موسم گرم اور حبس رہنے کا امکان ہے۔"

 تاہم میٹ ڈیپارٹمنٹ کی آج رات کے لئے بھی گزشتہ دو تین راتوں کی طرح سٹیریو ٹائپ پیشین گوئی یہ ہی ہے کہ خیبر پختونخواہ، شمال مشر قی بلو چستان ، کشمیر اور پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع  ہے اور   اس دوران خیبر پختونخواہ، کشمیر اورشمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

سٹی42  کی فورکاسٹ

میٹ ڈیپارٹمنٹ کی یہ پیشین گوئی آج رات بھی صحیح ہونے کا کوئی امکان نہیں البتہ سٹی42 کی فورکاسٹ یہ ہے کہ کل پیر اور منگل کی درمیانی شب موسم آج اتوار اور پیر کی درمیانی رات سے زیادہ بارش کے لئے سازگار ہو گا- یہ الگ بات ہے کہ بارش تب بھی کم کم ہی ہو گی اور سیلاب  بہرحال  نہیں آئے گا- نہ شہروں میں اور نہ ہی دریاؤں میں!


صبح پیر کے روز  ملک کے دوسرے حصوں میں کیا ہو گا 

 اسلام آباد اور مرگلہ کے پہاڑیوں میں تھندر سٹارم ہو سکتا ہے۔ یہ معمولی نوعیت کی بارش بر سا سکتا ہے جس کے  زیادہ دیر جاری رہنے کا امکان آج رات نو بجے تک نہ ہونے کے برابر دکھائی دیتا ہے۔


  دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ،مردان،صوابی، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر ، اورکزئی، ہنگو ،کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، کرم ، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں معمولی تھنڈر سٹارم ہو سکتے ہیں۔ بارش انتہائی کم ہو گی، بادل بہرحال موجود رہیں گے۔

13 جولائی ( شام/رات) اور 14جولائی کے لئے میٹ ڈیپارٹمنٹ کی وارننگ
* موسلا دھار/ شدیدموسلادھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان،ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، اسلام آباد/راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب، بلو چستان اورکشمیر کے مقامی / بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ  ہے۔
* شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
* شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ۔ عوام الناس کو احتیاط کی ہدایت کی جاتی ہے۔
* آندھی کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے، درخت ، گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ۔ عوام الناس کو احتیاط کی ہدایت کی جاتی ہے۔

میٹ ڈیپارٹمنٹ کی پیشین گوئیوں کا تنقیدی جائزہ لیجئے

میٹ ڈیپارٹمنٹ کی پیشین گوئیوں کا کل تنقیدی تجزیہ کیجئے اور ادارہ کو اس کی پرفارمنس کے بارے میں اپنی رائے سے براہ راست آگاہ کیجئے۔  موسم کی صحیح پیشین گوئی جاننا شہریوں کا حق ہے کیونکہ متعلقہ ادارے ان کے ٹیکس کے پیسہ سے اس ہی مقصد کے لئے بنائے گئے اور کام کر رہے ہیں۔