سٹی42: ڈپٹی کمشنر دفتر میں ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پیپر لیس نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید "ای فاس" (E-File & Office Automation System) سسٹم کا نفاذ کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے تمام روزمرہ دفتری خط و کتابت کو آن لائن طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دفتر کے افسران اور عملے نے ای فاس سسٹم پر کام کرنے کیلئے اپنے لاگ ان بنا لیے ہیں جبکہ مزید تربیت کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کی معاونت حاصل کی جائے گی۔
ای فاس سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف دفتری لاگت میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ وقت کی بھی بچت ممکن ہو سکے گی۔ یہ نظام ماحول دوست اور محفوظ تصور کیا جاتا ہے جس کے ذریعے افسران کسی بھی وقت، کہیں سے بھی دفتری امور سرانجام دے سکیں گے۔
ای فاس کے مکمل نفاذ کے بعد روایتی مینول فائلوں اور خط و کتابت کا سلسلہ ختم کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے تمام سرکاری اداروں اور محکموں کے لیے ای فاس سسٹم کے استعمال کو لازمی قرار دیا جا چکا ہے۔