ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کے قیام کا مقصد یہ تھا کہ بلا امتیاز سب کو برابر حقوق حاصل ہوں؛ وزیراعظم

پاکستان کے قیام کا مقصد یہ تھا کہ بلا امتیاز سب کو برابر حقوق حاصل ہوں؛ وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک :وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور افغان طالبان کے گٹھ جوڑ کے ٹھوس ثبوت ہیں،ہمارے پاس ٹھوس ثبوت ہیں کہ دہشت گردوں کو وسائل دشمن کے ذریعے پہنچ رہے ہیں، اس وقت ملک میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کا کردار انتہائی اہم ہے اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

 قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قیامِ پاکستان میں علما کرام اور اقلیتی برادری نے بھرپور کردار ادا کیا جبکہ آزادی کے وقت لاکھوں لوگوں نے وطن کی خاطر قربانیاں دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد یہ تھا کہ بلا امتیاز سب کو برابر حقوق حاصل ہوں، آج پاکستان ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے جن کی مالیت کھربوں ڈالرز میں ہے، ان وسائل کو بروئے کار لا کر ملک سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ اور قرضوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے جو اگرچہ مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مئی 2025 میں ایک معرکہ پیش آیا جس میں افواجِ پاکستان نے معرکۂ حق میں بھارت کو شکستِ فاش دی، افواجِ پاکستان نے اپنی جرات، اعلیٰ ترین تربیت اور بہترین حکمتِ عملی کے باعث یہ کامیابی حاصل کی اور اس معرکے کی قیادت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج پاکستان کو سب سے بڑا چیلنج دہشتگردی کا سامنا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ پاکستانی شہید ہو چکے ہیں اور چاروں صوبوں کے شہداء نے اپنے خون سے اس وطن کی آبیاری کی ہے، پاکستان نے نہ صرف خود قربانیاں دیں بلکہ دنیا کو بھی دہشتگردی سے محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا، اس پر دنیا کو پاکستان کا شکر گزار ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے اور ان کے خلاف تمام شواہد ہمارے پاس ہیں، دہشتگرد تنظیموں کو دشمنوں کی جانب سے وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں تاہم ماضی میں جس طرح دہشتگردی کے ناسور کو ختم کیا گیا، آج بھی اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا جبکہ دہشتگردوں کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرِ ہند میں ڈبو دیا جائے گا۔

شبہاز شریف نے کہا کہ آج جتنا اتحاد اور یکجہتی درکار ہے، اس کی پہلے کبھی اتنی ضرورت نہیں تھی، پیچیدہ قومی معاملات کو مل بیٹھ کر حل کرنا ہوگا تاکہ پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھتا رہے۔