ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان

تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ملک بھر میں آج 26 رجب بروز جمعتہ المبارک  کو شبِ معراج عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی جبکہ سندھ حکومت نے اس موقع پر صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

 محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 17 جنوری کو بند رہیں گے۔

یاد رہے کہ  رجب المرجب اسلامی سال کا ساتواں مہینہ ہے، اللہ رب العزت نے تمام مہینوں کے مختلف دنوں اور راتوں کی اہمیت و فضیلت اور ان کی خاص برکات و خصوصیات بیان فرمائی ہیں، لیکن ستائیس رجب المرجب کو دین اسلام میں ایک نمایاں اور منفرد مقام حاصل ہے کیونکہ اس رات اللہ رب العزت نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے پاس بلا کر اپنا دیدار کرایا تھا۔

  واقعہِ معراج :

روایات کے مطابق حضرت محمد ﷺ حضرت ام ہانی کے گھر  پرسو رہے تھے۔ جبرائیل امین علیہ السلام فرشتوں کے ساتھ آئے۔ آپ کو اٹھایا اور حطیم کعبہ لے گئے۔وہاں سے زمزم کے کنویں پر تشریف لے گئے وہاں قلب اطہر کو نکالا اور اس کو زمزم کے پانی سے دھویا اور ایمان وحکمت سے اس کو بھر دیا گیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دونوں شانوں کے درمیان مہر نبوت لگادی گئی۔ پھر براق پر سوار کراکے حضورکا سفر شروع ہوا۔

 سفرِ معراج:

 شبِ معراج   پر محبوب خدا  ﷺ نے مسجد الحرام سے مسجد الاقصیٰ اور وہاں سے آسمانوں کی سیر کرکے اللہ کی نشانیوں کا مشاہدہ کیا۔ اس شب حضور نبی کریم ﷺ آسمانوں سے بھجوائی گئی خصوصی سواری البراق پر سوار ہو کر خالق کائنات سے ملاقات کے لئے تشریف لے گئے تھے ۔

 قرآن پاک میں بنی اسرائیل کی پہلی آیت میں اس واقعہ کا ذکر موجود ہے ، جو معراج یا اسراء کے نام سے مشہور ہے ، احادیث میں بھی اس واقعہ کی تفصیل ملتی ہے، شب معراج انتہائی افضل اور مبارک رات ہے کیونکہ اس رات کی نسبت معراج سے ہے ۔

 روایات کے مطابق سفرِ معراج  تین مراحل پر مشتمل تھا۔پہلے مرحلے میں سفرِ معراج کا پہلا مرحلہ مسجدُ الحرام سے مسجدِ اقصیٰ تک کا ہے، یہ زمینی سفر ہے۔

 سفرِ معراج کا دوسرا مرحلہ مسجدِ اقصیٰ سے لے کر سدرۃ ُالمنتہیٰ تک ہے، یہ کرۂ ارضی سے کہکشاؤں کے اس پار واقع نورانی دنیا تک سفر ہے۔

سفرِ معراج کا تیسرا مرحلہ سدرۃ ُالمنتہیٰ سے آگے قاب قوسین اور اس سے بھی آگے تک کا ہے،چونکہ یہ سفر محبت اور عظمت کا سفر تھا اور یہ ملاقات محب اور محبوب کی خاص ملاقات تھی لہٰذا اس رودادِ محبت کو راز میں رکھا گیا، سورۃ ُالنجم میں فقط اتنا فرمایا کہ وہاں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو  راز اور پیار کی باتیں کرنا چاہیں وہ کرلیں۔