علی ساہی: شہریوں اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے گاڑی کی خرید و فروخت اور ٹرانسفر کے عمل کو آسان بنانے کے لیے پاک آئی ڈی ایپ باضابطہ طور پر لانچ کر دی گئی ہے۔
اب گاڑی کے نمبر، چیسز نمبر اور مالک کا نام ایپ میں ڈال کر بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے گاڑی کی منتقلی کی جا سکے گی، جس سے جعلی ٹرانسفرز کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔
لانچنگ تقریب میں ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ اور نادرا کے چیف پراجیکٹ افسر رحمان قمر نے شرکت کی۔ قبل ازیں اوورسیز پاکستانیوں کو اپنی گاڑی ٹرانسفر کروانے کے لیے اتھارٹی لیٹر ایمبیسی سے تصدیق کرانی پڑتی تھی، لیکن اب ایپ کے ذریعے یہ عمل آن لائن اور بائیو میٹرک کے ذریعے ممکن ہو گیا ہے۔
عمر شیر چٹھہ نے بتایا کہ ہزاروں گاڑیاں بائیو میٹرک کی تاخیر کے باعث اوپن لیٹر پر چل رہی تھیں، لیکن دونوں اداروں کے سسٹم کو انٹیگریٹ کر کے اب بائیو میٹرک کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج سے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے یہ سہولت دستیاب ہے اور رواں ماہ دوسرے صوبوں کی ری رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
نادرا کے چیف پراجیکٹ افسر رحمان قمر نے کہا کہ ایپ پر بائیو میٹرک کے ساتھ فیس ریگنائزیشن بھی کی جا سکے گی، اور اگر کسی شہری کے پاس بائیو میٹرک نہ ہو تو وہ فیس ریگنائزیشن کے ذریعے تصدیق کرا سکتا ہے۔
یہ اقدام شہریوں اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے گاڑی کی خرید و فروخت اور منتقلی کے عمل کو تیز، شفاف اور محفوظ بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، اور جعلسازی کے امکانات کو تقریباً ختم کر دیتا ہے۔