جنید ریاض: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننانوے پرائمری ٹیچرز کو ترقی دے دی، ترقی پانے والوں میں سائنس، آرٹس اور جنرل کیڈر اساتذہ شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے ننانوے پرائمری اساتذہ کو ترقی دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ڈی ای او ایلمینٹری شفقت حبیب نے ترقیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ مذکورہ اساتذہ کو گریڈ 14 سے 15 میں ترقی دی گئی ہے۔
پرائمری اساتذہ عرصہ دراز سے ترقیوں کے منتظر تھے۔ ترقی پانے والوں میں سائنس، آرٹس، جنرل کیڈر اور میونسپل اساتذہ شامل ہیں۔ پرائمری اساتذہ کو ترقی دینے کے بعد بطور ای ایس ٹی مختلف سکولوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اساتذہ کی تربیت کیلئے آن لائن پورٹل ٹریننگ اکیڈمی کا افتتاح کردیا گیا۔ آن لائن پورٹل ٹریننگ اکیڈمی کا افتتاح صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی تعلیم راجا راشد حفیظ نے کیا۔ آن لائن پورٹل ٹریننگ اکیڈمی کا قیام الائیٹ پاکستان، جائیکا اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعاون سے کیا گیا۔
راجا راشد کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے اساتذہ کی تربیت نہایت ضروری ہے۔ آن لائن تربیتی پورٹل سے دور دراز کے علاقوں میں تعینات اساتذہ تربیتی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ڈپٹی چیف الائیٹ پاکستان کامران افتخار کا کہنا تھا کہ آن لائن پورٹل سے اساتذہ اپنی مہارتوں میں اضافہ کرسکیں گے۔
وائس چانسلر اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر ضیاء قیوم کا کہنا تھا کہ آن لائن پورٹل سے اساتذہ کیلئے ڈگری اور ڈپلومہ کے پروگرام بھی شرور کریں گے۔ تقریب مخں پروفیسرڈاکٹر ناصر، ڈاکٹر زاہد مجید، عابد گل اور ڈاکٹر شفقت علی بھی موجود تھے۔