لوئر مال (علی ساہی) زیر التواء درخواستوں پر عملدرآمد کیلئے نئے تھانے اور چوکیاں بنانے کا فیصلہ، آئی جی پنجاب نے لاہور میں 18 سمیت صوبہ بھر میں 92 تھانے بنانے کیلئے ازسرنو دستاویزات بھجوانے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت آر پی اوز کو نئے تھانے یا پولیس چوکی بنانے کیلئے 5 سال کا کرائم ریٹ، حدود اور آبادی سمیت دیگر معلومات بھجوانے کا حکم دے دیا، آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو گزشتہ سالوں کے دوران بھجوائی گئی 18 نئے تھانوں اورنئی چوکیوں کی درخواستوں پر تمام ایس اوپیز اور تفصیلات فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔
رائیونڈ، سیشن کورٹ، صحافی کالونی، باغبانپورہ، نادر آباد سمیت دیگرمقامات پر نئے تھانے بنانے کی درخواستیں بھجوائی گئی تھیں، تمام آرپی اوز کو بھی متعلقہ تھانوں اور پولیس چوکیوں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی، ریجنل افسروں کی جانب سے تاحال جواب موصول نہ ہونے پر اے آئی جی ڈویلپمنٹ نے تمام متعلقہ افسروں کو ازسرنو درخواستیں اور ریکارڈ بھجوانے کا مراسلہ بھجوا دیا۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر پولیس نے 3 ماہ بعد ماڈل ٹاؤن سوسائٹی کو بجلی اورپانی کے بلوں کی ادائیگی کر دی، ڈی آئی جی سے ایس ایچ او تک کی تنخواہیں بھی بحال کردی ہیں۔