(ناصر علی ) مولاناشوکت علی روڈ پرموبائل فون استعمال کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار فٹ پاتھ سے ٹکرا کر جاں بحق ہوگیا۔
مولاناشوکت علی روڈ پر رات گئے25سالہ نوجوان حادثے کا شکار ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نوجوان چلتی موٹرسائیکل پر موبائل فون پر ویڈیو دیکھ رہا تھا کہ موٹرسائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی۔ جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگیا۔حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیالیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی شناخت کاشف کے نام سے ہوئی ہے جو شاہ پور کانجراں کا رہائشی ہے۔ متوفی ڈیفنس میں کپڑے کی دکان پر کام کرتا تھا۔ حادثہ کام سے گھر واپس جاتے ہوئے پیش آیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔