ویب ڈیسک:کراچی، سبی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ جبکہ لیاری کی ایک عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں۔
پیر کو رات گئے کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ، لیاری، صدر، کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس اور ڈی ایچ اے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ سائٹ ایریا، ٹیپو سلطان روڈ، پہلوان گوٹھ اور بحریہ ٹاؤن کے علاقوں سے بھی زلزلہ محسوس ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے رات 12 بج کر 51 منٹ پر ریکارڈ کیے گئے۔ زلزلے کی شدت 5.2 جبکہ گہرائی 12 کلو میٹر بتائی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز کراچی سے 87 کلو میٹر دور بلوچستان کے علاقے سومیانی کے قریب تھا۔
چند گھنٹے قبل بلوچستان کے شہر سبی اور اس کے گردونواح میں بھی زلزلہ آیا تھا جس کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز سبی کے جنوب مغرب میں 53 کلو میٹر دور تھا۔
کراچی میں زلزلے کے بعد لیاری کے علاقے نیا آباد میں واقع ایک رہائشی عمارت کے مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی معائنے میں عمارت کو زلزلے سے کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا تاہم احتیاط کے طور پر عمارت کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
بلوچستان کے علاقوں وندر، حب، گڈانی اور سومیانی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں تاہم وہاں کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاع موصول نہیں ہوئی۔