ویب ڈیسک: روس کے فضائی حملوں میں یوکرین کے صنعتی شہر کریوی ریہہ میں ملک کی سب سے بڑی اسٹیل فیکٹری کو شدید نقصان پہنچا، حملے میں 2 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔
یوکرینی حکام کے مطابق روسی حملے میں اسٹیل پلانٹ کی اہم پیداواری تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔ پلانٹ چلانے والی کمپنی کے مطابق بجلی پیدا کرنے والے شعبے اور بلاسٹ فرنس کو بھی نقصان پہنچا، جس کے باعث پیداواری عمل جزوی طور پر روک دیا گیا ہے۔
دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فورسز نے یوکرین کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں کے دوران 822 یوکرینی ڈرون مار گرائے۔
روسی علاقے بیلگورود کے گورنر کے مطابق ڈرون حملے میں ایک بس کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ بیلگورود یوکرین کی سرحد سے متصل روسی علاقہ ہے۔
ادھر یوکرینی فوج نے روس کے علاقے روستوف میں میزائل ایندھن تیار کرنے والی ایک اہم تنصیب کو بھی نشانہ بنایا، تاہم روسی حکام کی جانب سے اس حملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں حالیہ دنوں میں دونوں جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ صنعتی اور فوجی تنصیبات بھی حملوں کا نشانہ بن رہی ہیں۔