سٹی42: مسلم لیگ ن نے این اے 66 وزیر آباد کیلئے بلال فاروق تارڑ کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ’ایکس‘ پر کہا کہ ہم اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے تہہ دل سے مشکور ہیں، اور وزیراعظم شہباز شریف کے بہت شکرگزار ہیں، پارٹی نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
عطا اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمانی بورڈ کے تمام اراکین کا شکریہ، یہ ٹکٹ پارٹی کی اور پارٹی کے کارکنان کی امانت ہے، انشاءاللہ بھرپور محنت کریں گے، وفاداری کے ساتھ۔
بلال فاروق تارڑ کون ہیں
بلال فاروق تارڑ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے بھائی ہیں۔
این اے 66 وزیر آباد ضمیی الیکشن کا معاملہ ، پاکستان مسلم لیگ ن نے این اے 66 وزیر آباد کیلئے بلال فاروق تارڑ کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا تو وزیر آباد اور گکھڑ میں تارڑ برادران اور ان کے ساتھیوں کے ڈیروں پر جشن منایا گیا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔
این اے 66 میں ضمنی الیکشن کیوں ہو رہا ہے
این اے 66 وزیرآباد میں پی ٹی آئی کے لیڈر احمد چٹھہ 8 فروری 2024 کے الیکشن میں جیتے تھے، احمد چٹھہ سابق سپیکر حامد ناصر چٹھہ کے بیٹے ہیں۔ احمد چٹھہ کو انسداد دہشتگردی کی عدالت سے دس سال قید کی سزا ملنے کے بعد الیکشن کمشن نے یہ حلقہ خالی قرار دے دیا تھا۔
گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت مری میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف اور دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ میاں نواز شریف نے این اے 66 وزیر آباد سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے بھائی بلال فاروق تارڑ کو اپنا امیدوار نامزد کرنے کی منظوری دے دی تھی۔