سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی ۔
وزیرِ اعظم نے متاثرہ اضلاع میں امدادی سامان کی ترسیل، لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے اور لاپتہ افراد کیلئے سرچ آپریشن کو تیز و مؤثر بنانے کیلئے چیئرمین این ڈی ایم سے مسلسل رابطہ قائم کیا ہوا ہے۔ وفاقی وزیر کشمیر و گلت بلتستان نے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر پورا دن کے پی کے میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سامان کی ترسیل کی خود نگرانی کی ۔
وزیراعظم کی جانب سے سیلاب متاثرین کو خیموں، ادویات، فوری طبی امداد اور تمام متعلقہ سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہباز شریف نے متاثرہ و ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو موسم کی پیشگی اطلاعات پہنچانے اور ممکنہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے این ڈی ایم اے کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اداروں سے رابطے مزید مربوط اور انکی ہر قسم کی معاونت کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند راستوں کو فوری بحال کرنے کے لئے کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ساتھ ہی بند شاہراہوں پر پھنسے مسافروں کو جلد از جلد مدد پہنچانے کی بھی ہدایت کی ہے۔