سٹی 42 : انسپکٹر عہدے پر ترقی کیلئے پنجاب پولیس کی تاریخ کا سب سے بڑا پروموشن بورڈ مکمل ہوگیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مابق میرٹ، قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے 406 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری کی زیر صدارت 2 روزہ اجلاس میں پروموشن کے لئے 900 سے زائد کیسز زیر غور آئے تھے۔ ترقی پانے والوں میں لاہور ریجن کے 115، راولپنڈی 62، گوجرانوالہ 51، ڈی جی خان کے 49 انسپکٹرز شامل ہیں۔ ملتان کے 32، بہاولپور 31، فیصل آباد کے 30 سب انسپکٹرز کو بھی انسپکٹرز کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ اس کے علاوہ انسپکٹرز عہدے پر پروموٹ ہونے والوں میں ساہیوال کے 20، سرگودھا کے 9 جبکہ شیخوپورہ کے 7 افسران شامل ہیں۔

آئی جی پنجاب کی جانب سے انسپکٹر عہدے پر ترقی پانے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ ستمبر میں انسپکٹر عہدے کی مزید 100 سیٹوں پر پروموشن کے لئے نیا اجلاس منعقد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال کے دوران 2268 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی جا چکی ہے۔ ترقی پانے والے افسران پاکستان کی بے خوف حفاظت، پاکستانیوں کی بے لوث خدمت یقینی بنائیں ۔