ویب ڈیسک : اسلام آباد میں اہم ترین غیرملکی وفود کی متوقع آمد کے موقع پر راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے پیشگی اقدامات شروع کر دیے گئے۔
راولپنڈی میں پبلک ٹرانسپورٹ بس اڈے 10روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ آج رات سے 26اپریل تک تمام پبلک بس اڈے بند رکھے جائیں۔
پبلک ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداروں کو طلب کر کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شرکت کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اڈے بند کرنے کے لیے الرٹ کیا گیا۔ پیر ودھائی، پیرودھائی موڑ اور پشاور روڈ پر قائم چھوٹے بس اڈے بند کیےجائیں گے۔
راولپنڈی کی تحصیلوں میں قائم چھوٹے بس اڈے بھی بند کیے جائیں گے۔ بوقت ضرورت دیگر شہروں سے آنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
ادھر ضلعی انتظامیہ نے نیا حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں تمام مارکیٹس اور شاپنگ مالز پورا ہفتہ رات 8بجے تک بند ہوں گے جب کہ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز رات 10 بجے تک بند ہوں گے۔