سٹی42: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر محکمہ صحت و میڈیکل ایجوکیشن کو ہنگامی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
یہ مراسلہ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے جاری کیا گیا جس کی نقول صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو ایمرجنسی پروٹوکولز کو فوری طور پر آپریشنلائز کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ اہم ہدایات کے مطابق تمام ہسپتالوں کا عملہ سینیٹائزڈ اور تربیت یافتہ ہونا چاہیے، ادویات، آئی وی فلوئڈز، کولنگ ڈیوائسز سمیت تمام ضروری طبی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے، سرکاری و نجی ہسپتالوں میں ہیٹ ویو مینجمنٹ یونٹس اور کولنگ وارڈز قائم کیے جائیں۔
اس کے علاوہ تمام طبی مراکز میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کے ایس او پیز کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے، پیرامیڈیکل اسٹاف، نرسز اور ایمرجنسی اہلکاروں کے لیے آگاہی سیشن اور تربیتی سیمینارز کا انعقاد کیا جائے اور ہسپتالوں میں پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ متوقع ہیٹ ویو کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مکمل الرٹ رہیں۔