جنید ریاض: لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ 2 کے سالانہ امتحانات 2025 کے لیے امیدواروں کو رول نمبر سلپس جاری کر دی, رواں سال امتحانات میں ایک لاکھ 83 ہزار امیدوار شرکت کریں گے جبکہ امتحانات کا آغاز 29 اپریل 2025 سے ہوگا۔
جدید اقدامات کے تحت نقل کی روک تھام اور امتحانی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے بورڈ نے رول نمبر سلپس پر QR کوڈز شامل کیے گئے ہیں۔ ان کی مدد سے امتحانی مراکز پر امیدوار کی فوری تصدیق ممکن ہوگی، جس سے جعلی امیدواروں کے داخلے کو روکنے میں مدد ملے گی۔
ریگولر امیدوار اپنے متعلقہ تعلیمی ادارے سے رول نمبر سلپ حاصل کریں گے اور پرائیویٹ امیدوار اپنی رول نمبر سلپس لاہور بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
زاہد میاں (ترجمان لاہور بورڈ) کے مطابق امتحانی نظام کو جدید بنانےکیلئے QR کوڈز کا استعمال ایک مؤثر قدم ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وقت پر امتحانی مراکز پہنچیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے اپنی رول نمبر سلپ ہمراہ رکھیں۔