ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 سیکرٹری پاور نے بجلی صارفین کو خوشخبری سنادی

 سیکرٹری پاور نے بجلی صارفین کو خوشخبری سنادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : سیکرٹری پاور ڈاکٹر فخر عالم نے کہا ہے کہ صارف اپنی پسند کی کمپنی سے بجلی خرید سکے گا، ابتدا میں سہولت ایک میگاواٹ تک کے صارفین کو دی جائے گی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کا اجلاس محمد ادریس کی زیر صدارت ہوا، جس میں سیکرٹری پاور ڈاکٹر فخر عالم، پاور ڈویژن حکام اور کمیٹی ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کراچی میں بجلی کی فراہمی، انفراسٹرکچر اور پاور سیکٹر کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے کہا کہ کراچی ایک بڑا شہر ہے مگر یہاں صرف ایک ہی کمپنی کی اجارہ داری کے الیکٹرک کی ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔ 

اجلاس میں سیکرٹری پاور ڈاکٹر فخر عالم نے بتایا کہ حکومت بجلی کے شعبے میں اوپن مارکیٹ نظام متعارف کروا رہی ہے، جس کے تحت صارف اپنی پسند کی کمپنی سے بجلی خرید سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت ابتدائی طور پر ایک میگاواٹ تک کے صارفین کو جنوری 2026 سے فراہم کی جائے گی۔

سیکرٹری پاور نے کمیٹی کو بتایا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت کے لیے کراچی میں کل خصوصی فورم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ڈسکوز کے نقصانات نیپرا کے مقررہ ہدف سے زیادہ ہیں، تاہم ان نقصانات کا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالا جاتا بلکہ اس سے گردشی قرض بڑھتا ہے، جسے وفاقی حکومت بجٹ سے ادا کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں گردشی قرض میں اضافہ نہیں ہونے دیا گیا اور اب حکومت اسے مکمل ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، 2024 میں بجلی کے نقصانات 600 ارب روپے تھے جو 2025 میں کم ہو کر 397 ارب روپے رہ گئے ہیں۔

سیکرٹری پاور نے مزید بتایا کہ نقصانات میں مزید کمی کے لیے اصلاحات جاری ہیں اور تقسیم کار کمپنیوں کو اسٹاف کی کمی آؤٹ سورسنگ کے ذریعے پوری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیٹی ارکان نے اضافی بلنگ کے حوالے سے عوامی شکایات اٹھائیں، جس پر سیکرٹری پاور نے بتایا کہ صارفین کی سہولت کے لیے اسمارٹ ایپ متعارف کرائی گئی ہے تاکہ بلنگ سے متعلق شکایات فوری طور پر درج اور حل کی جا سکیں۔