(انورعباس) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ پاکستان ستمبر میں شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹس کی صدارت سنبھالے گا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کی 25ویں سالگرہ پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا، یہ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار پر اعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم خاندان کو دلی مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ 2001 سے شنگھائی تعاون تنظیم علاقائی تعاون کا اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے،شنگھائی تعاون تنظیم نے امن، سلامتی، استحکام اور معاشی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا،25ویں سالگرہ کا یہ سنگِ میل “شنگھائی سپرٹ” کی پائیدار طاقت کی تصدیق کرتا ہے،“شنگھائی اسپرٹ” باہمی اعتماد، برابری اور مشترکہ ترقی کی علامت ہے۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان 2017 سے شنگھائی تعاون تنظیم کا فعال مکمل رکن ہے،شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت پاکستان کی کثیرالجہتی نظام سے وابستگی کا مظہر ہے،پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم منشور کے اصولوں پر مکمل کاربند ہے،ان کاکہناتھا کہ پاکستان معاشی تعاون، علاقائی روابط اور عوامی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے، اسلام آباد میں اکتوبر 2024 میں شنگھائی تعاون تنظیم ہیڈز آف گورنمنٹ اجلاس کی میزبانی کی گئی،پاکستان SCO-RATS کی 2025-2026 کیلئے صدارت کر رہا ہے،غربت کے خاتمے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم ورکنگ گروپ کی قیادت پاکستان کے پاس ہے۔
ان کاکہناتھا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع یوریشیائی روابط کیلئے اہم پل قراردیا گیا ہے،سی پیک شنگھائی تعاون تنظیم ممالک کے درمیان معاشی انضمام کی بہترین مثال ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں بے مثال ہے، شنگھائی تعاون تنظیم علاقائی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،ان کاکہناتھا کہ ڈیجیٹل جدت، توانائی تحفظ اور مقامی کرنسیوں میں ادائیگیوں پر زوردیا گیا،پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے فروغ کا خواہاں ہے،پاکستان غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھائے گا،انہوں نے علاقائی امن، ہم آہنگی اور مشترکہ خوشحالی کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کا عزم کااظہار کیا۔