ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریت ظاہر کرنا لازمی، نیا قواعد نامہ جاری

 سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریت ظاہر کرنا لازمی، نیا قواعد نامہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

کلیم اختر: وفاقی حکومت نے تمام وفاقی اداروں میں سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے کا باضابطہ نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ان لینڈ ریونیو سروس اور ایکس کیڈر افسران و اہلکاروں کی جانب سے اپنی اور زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت سے متعلق تفصیلات از خود جمع کرانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

نئے قواعد کے تحت تمام افسران اور اہلکاروں کو اپنی غیر ملکی پاسپورٹ، سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی سے متعلق معلومات ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یہ اقدامات سول سرونٹس ڈسکلوزر رولز 2026 کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ قواعد کے مطابق گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران اپنی تفصیلات مقررہ پروفارما کے ذریعے آن لائن متعلقہ مینجمنٹ ونگز کو جمع کرائیں گے جبکہ گریڈ 1 سے 16 تک کے اہلکار اپنی معلومات فیلڈ فارمیشنز کے سربراہان کو فراہم کریں گے۔

ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے نئے قواعد کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے مکمل تعمیل یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

فیلڈ فارمیشنز کو موصول ہونے والی معلومات کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھنے اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

حکومتی فیصلے کے تحت سرکاری ملازمین اور ان کے زیر کفالت افراد کے اسٹیٹس کا جامع ڈیٹا مرتب کیا جائے گا جبکہ عملدرآمد کی نگرانی کے لیے خصوصی نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق تمام متعلقہ افسران اور اہلکار مقررہ فارمیٹ میں معلومات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔