(راؤ دلشاد) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بار کونسلز کے ارکان نے ملاقات کی اور سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں بحال کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز سے بار کونسلز کی اپیکس باڈیز کے ارکان نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارر اور احسن بھون بھی موجود تھے، وزیر اعلیٰ نے وکلاء کی فلاح وبہبود کیلئےگرانٹ ایک ارب تک بڑھانے اور خاتون وکلا کیلئے بار کونسل میں مخصوص ہال اور ڈے کئیر سنٹر قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے اٹک میں 2 وکلا کے قتل کی اطلاع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا، مریم نواز نے بار کونسل ایکٹ اور لائیرز پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ملزم کیخلاف مقدمہ چلانےکی ہدایت کردی، انہوں نے بار کونسل کےعہدیداران سے وکلاء کے قتل پر تعزیت بھی کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بار کونسل کے دورے کی دعوت بھی قبول کی، وزیراعلیٰ نے پنجاب بار کونسل کو 5 کروڑ ، بہاولپور، ملتان بار کیلئے 1، 1 لاکھ گرانٹ کے چیک دئیے۔
ملاقات میں وکلا برادری کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعلٰی مریم نواز نے بار وفد کو وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کرائی، با ر عہدیداروں نے بھرپور تعاون اور مالی معاونت پروزیراعلی مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔