طاہر جمیل:کمشنر لاہور نعمان یوسف نے ایم ڈی واسا غفران احمد کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مون سون کے دوران نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کا جائزہ لیا۔
کمشنر لاہور نے شادمان ڈرین، برکت مارکیٹ واٹر ٹینک، گارڈن ٹاؤن، قذافی سٹیڈیم واٹر ٹینک اور ستوکتلہ ڈرین کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا غفران احمد نے شہر میں جاری ڈرینز کی ڈی سلٹنگ، صفائی کے اقدامات اور زیر تعمیر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس کے حوالے سے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مون سون سیزن سے قبل شہر کی تمام ڈرینز کی مرحلہ وار ڈی سلٹنگ مکمل کی گئی ہے، جبکہ بارشوں کے دوران بھی تمام ڈرینز کی صفائی کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھا جا سکے۔
کمشنر لاہور نعمان یوسف نے کہا کہ اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے شہر بھر میں ڈرینز کی ڈی سلٹنگ اور صفائی کو ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر سے شہر میں رین ایمرجنسی کے ہاٹ سپاٹس میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے بہتر انتظام کے لیے شہر کے نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور بارشوں کے دوران کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
کمشنر لاہور نے زیر تعمیر واٹر ٹینکس کے علاقوں کو عام شہریوں کے داخلے کے لیے مکمل طور پر بند رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔