(اویس کیانی)اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحات اور ترقیاتی کاموں میں نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، وزیراعظم نے ریلویز کی ملکی مجموعی معاشی ترقی، علاقائی صنعت و تجارت میں تعاون اور عوامی سہولت اور کمرشل استعمال کے لیے معیاری کارکردگی کی اہمیت کو اجاگر کیا، وزیراعظم نے دستیاب ذرائع اور معاشی مسائل کے باوجود بہترین کارکردگی پر وزارت ریلوے کی تمام ٹیم کو شاباش دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کی مجموعی ترقی دیگر شعبہ جات کی بہتری میں نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورت حکومت کے معاشی اصلاحات کا حصہ ہے،پاکستان میں معیاری ریلوے نظام معاشی ترقی اور ملکی آمدنی بڑھانے میں قابل قدر کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان ریلویز کوتمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد عملی اقدامات پر مشتمل روڈ میپ اگلے ہفتے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے کے ڈھانچے کی منافع بخش کمرشل استعمال کیلئے پرائیویٹ پارٹنر شپ کے امکانات کا بھرپور جائزہ لیا جائے،پاکستان ریلویز میں ادارہ جاتی اور انتظامی کارکردگی کو مزید مؤثر کرنے کیلئے انقلابی اقدامات دہائیوں سے ناگزیر تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ریلویز میں اصلاحات سے ادارہ ملکی صنعت و تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ریلویز قلیل وسائل کے باوجود نہایت تندہی اور محنت سے مؤثر کارکردگی دکھا رہے ہیں جس کے لیے وفاقی وزیر ریلویز اور ان کی ٹیم لائق تحسین ہے ، پاکستان ریلویز کی معاشی ترقی اور علاقائی تعاون میں اہمیت کے پیش نظر حکومت نے انقلابی اقدامات کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کے اطمینان بخش نتائج سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے سے متعلق ترقیاتی کاموں کے لیے حکومتی فنڈز کی دستیابی کو دہائیوں تک نظر انداز کیا گیا جو افسوسناک ہے،اگلے سال کے PSDP میں ریلویز کے ترقیاتی منصوبوں کو متناسب بجٹ دیا جائے گا،پاکستان ریلویز کو بین الاقوامی سطح پر عالمی معیار کا کمرشل مواصلاتی نظام کا حصہ بنانے کے لیے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلویز کا معیاری نظام نہ صرف اندرون ملک بلکہ علاقائی صنعت و تجارت اور تعاون میں بھی کلیدی کردار رکھتا ہے۔
اجلاس میں شریک ہونے والے نجی شعبے کے ماہرین نے ریلویز کی کارکردگی کو مزید موثر کرنے اور اس کے کمرشل استعمال کے تناظر میں مختلف سفارشات پیش پیش کی،وزیراعظم نے اجلاس میں شریک نجی شعبے کے ماہرین سے قابل قدر سفارشات پیش کرنے پر اظہار تشکر کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ, وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، نیشنل کوارڈینیٹر ایس آئی ایف سی لیفٹننٹ جنرل( ریٹائرڈ) سرفراز احمد ، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران کے علاوہ نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین زید بشیر، پیر سعد احسان الدین اور دیگر نے شرکت کی.