سٹی 42:پاکستانی عوام کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، جہاں عالمی سطح پر پاکستان کی عزت اور وقار میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں بڑی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی پاسپورٹ رینکنگ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ 126 ویں نمبر سے ترقی کرتے ہوئے 98 ویں نمبر پر آ گیا ہے، اس بہتری کے بعد پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں واضح اضافہ ہوا ہے، جو ملک کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس پیش رفت پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ میں بہتری حکومت کی مؤثر پالیسیوں اور اصلاحاتی اقدامات کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ سسٹم میں شفافیت، جدید سہولیات اور سیکیورٹی اقدامات نے عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گی جن سے پاکستانی شہریوں کو مزید سہولتیں میسر آئیں اور پاکستان کا وقار عالمی برادری میں مزید بلند ہو۔