وقاص عظیم:وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان سے ازبکستان کے نائب وزیر سرمایہ کاری، صنعت و تجارت شاہ رُخ غلاموف کی وزارتِ صنعت و پیداوار میں اہم ملاقات ہوئی۔
معاون خصوصی ہارون اختر خان نے پاکستان میں ازبک نائب وزیر شاہ رُخ غلاموف کو خوش آمدید کہا، ملاقات میں پاک،ازبک تعلقات میں نئی پیش رفت، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات مضبوط اور وسعت اختیار کر رہے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، معاشی اور تجارتی روابط میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیر اعظم کا وژن ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کی باہمی تجارت دو ارب ڈالر تک بڑھائی جائے ، علاقائی رابطہ کاری کے ذریعے تجارت کے فروغ پر دونوں ممالک کا اتفاق ہوا۔
ازبک نائب وزیر شاہ رُخ کا کہنا تھا کہ پاکستان دوستانہ ملک ہے، باہمی فائدے اور مشترکہ ترقی چاہتے ہیں، تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور صنعت میں تعاون کو نئی جہت دینے کا عزم ہے،پاک۔ازبک شراکت داری خطے میں استحکام اور خوشحالی لائے گی۔
ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر پاک،ازبک مشترکہ منصوبوں کے لیے کمیٹیاں فعال کی گئیں، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے، ہارون اختر خان کی جانب سے ازبک وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔