ویب ڈیسک: ریڈیو پاکستان کی معروف نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے 45 سالہ طویل رفاقت کے بعد ریڈیو پاکستان کو خیرباد کہہ دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں عشرت فاطمہ نے روایتی انداز میں اجازت طلب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں ریڈیو پاکستان کے ساتھ اپنی 45 سالہ رفاقت کو خداحافظ کہہ رہی ہوں۔ آپ سے رخصت لینے سے پہلے میں دل کی گہرائیوں سے آپ کا اور ریڈیو پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن نے انہیں عزت اور محبت سے مالا مال رکھا، اور آج تک سامعین اور ناظرین کے دلوں میں اعلیٰ مقام پر فائز رہنا کوئی معمولی بات نہیں۔
عشرت فاطمہ نے مزید کہا کہ میرے اللہ اور والدین کا بڑا کرم ہے، اگر میں آج کچھ ہوں تو یہ میرے رب کا احسان ہے۔ یہ فیصلہ بہت مشکل تھا، مگر یقیناً میرے رب نے میرے لیے اتنا ہی لکھا تھا، دعاوں میں یاد رکھیے گا۔"
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں ریڈیو پاکستان سے اجازت طلب کرتے ہوئے دعا کی درخواست کی اور کہا کہ اللہ مجھے، آپ کو، اس ادارے اور پیارے پاکستان کو اپنی حفاظت میں رکھے، پاکستان زندہ باد۔
عشرت فاطمہ نے علیحدگی کی وجوہات کی تفصیلات شیئر نہیں کیں۔ دوسری جانب صحافیوں، براڈ کاسٹنگ سے وابستہ شخصیات اور ایکس کے صارفین نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے لمبے کیریئر کی تعریف کی۔