( عمران یونس ) صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے فوج جیسے قومی ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کی ہے، حکومت کی طرف سے ساٹھ دنوں میں ڈیڑھ لاکھ نوکریاں دینے کا اعلان دراصل سیاسی رشوت ہے اس کیخلاف آواز اٹھائیں گے۔
ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں پیپلزپارٹی پنجاب شعبہ اطلاعات کے اجلاس کے بعد ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر عامر حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ٹی وی پروگرام میں بوٹ لا کر فوج کے ادارے کو متنازع بنانے کی سازش کی ہے، وزیراعظم کو نوٹس لینا چاہیئے۔ پیپلزپارٹی نے قومی مفاد میں آرمی ایکٹ کے حق میں ووٹ دیا۔
پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ساٹھ دنوں میں ایک لاکھ پچیس ہزار نوکریاں دینے سے رشوت کا بازار گرم ہوگا، اتنے کم عرصے میں شفاف طریقے سے نوکریاں نہیں دی جا سکتیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں پیپلزپارٹی سوشل میڈیا کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں پارٹی کے مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔