ویب ڈیسک: پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں کل رات سے منگل کے روز تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق کرم، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 16 اور 17 فروری کو ہلکی سے معتدل بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان میں موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کے لئے ہدایت جاری کردی۔ ترجمان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو حساس اور کمزور علاقوں میں اضافی عملہ اور مشینری تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے کمزور اور زیر تعمیر عمارتوں، سائن بورڈز، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کے قریب جانے سے شہریوں کو گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس کے علاوہ مین شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو ہر صورت ٹریفک کیلئے کھلا رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔
ضلعی انتظامیہ کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔