سٹی 42 : وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے کولاچی، ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران سات خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ شہباز شریف نے آپریشن کے دوران ارض وطن کی خاطر اپنی جان کا نظرانہ پیش کرنے والے نائیک یاسر خان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے شہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوان، ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے.
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے بہادر افسران و جوانوں کی ارض وطن کی خاطر عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی. انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے.