ویب ڈیسک: کراچی میں 79ویں یوم آزادی کے موقع پر نادرا ایگزیکٹو رجسٹریشن سینٹر عائشہ منزل کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا، جہاں علاقے کے تقریباً 20 سے 25 لاکھ شہری شناختی دستاویزات سے متعلق سہولیات حاصل کرسکیں گے۔
افتتاحی تقریب میں رکن سندھ اسمبلی سید عادل عسکری، ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ، ڈائریکٹر جنرل نادرا عامر علی خان اور نادرا کے دیگر افسران نے شرکت کی نادرا کے مطابق رواں سال کراچی میں قائم کیا جانے والا یہ 12واں سینٹر ہے، جہاں شہریوں کی سہولت کے لیے 4 ون ونڈو کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
مرکز میں جانشینی سرٹیفکیٹ، پاک آئی ڈی اور بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، تاکہ شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات شہریوں کو اپنے علاقے میں ہی دستیاب ہوسکیں۔
نادرا عائشہ منزل سینٹر میں ٹیبلٹ ڈیوائس اور کیوسک مشین بھی فراہم کی گئی ہیں، جن کے ذریعے شہری شناختی دستاویزات سے متعلق بعض خدمات خود بھی حاصل کرسکیں گے۔
مرکز میں کیش لیس اور پیپر لیس ماحول کے ساتھ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے اسٹینڈ بائی جنریٹر کی سہولت بھی موجود ہے نادرا کے مطابق تمام شہریوں کے لیے آئرس کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت ہر شہری اپنا آئرس اندراج مفت کراسکے گا۔
نادرا رجسٹریشن سینٹر عائشہ منزل ہفتے میں 6 دن صبح 8 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک شہریوں کو خدمات فراہم کرے گا نادرا کے مطابق شہریوں کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر ضرورت پڑنے پر شام کی شفٹ بھی فعال کی جاسکے گی۔