سٹی42: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صاف پانی کی فراہمی، واٹر فلٹریشن پلانٹس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو مثالی گاؤں پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر اب تک کی پیشرفت بھی پیش کی گئی۔وزیراعلیٰ نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب، مرمت اور بحالی کے لیے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے 30 جون 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کی۔ اجلاس میں دور دراز علاقوں میں واٹر پمپس لگانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز شریف نے لاہور شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کچھ منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے پر اظہارِ ناپسندیدگی کیا۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس میں پنجاب بھر میں بیوٹیفکیشن کے 122 منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ لاہور ڈویژن کے51 منصوبے، راولپنڈی کے64،فیصل آباد کے37، ملتان کے 75، سرگودھا کے 45، گوجرانوالہ کے 64، ڈی جی خان کے 51، بہاولپور کے 61، گجرات 53، ساہیوال میں 49 منصوبوں کی تقسیم کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی پر عوامی شکایات کا سنجیدگی سے ازالہ کیا جائے گا اور فلٹریشن پلانٹس کے لیے ایک مربوط نظام وضع کیا جائے گا۔انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ٹائم لائنز اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔