سٹی 42 : وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کیلئے اگست کے مہینے کے بل معاف کرنے کااعلان کردیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے ایک ماہ کے بل معاف کردیے ہیں ۔ سیلاب متاثرین کے ایک ماہ کے بل وفاقی حکومت ادا کرے گی، خادم پاکستان کی طرف سے یہ ایک حقیر سی کوشش ہے ۔
شہباز شریف نے کہاکہ جو متاثرین اگست کا بل ادا کرچکے ہیں وہ اگلے ماہ واپس کردئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بارش، سیلابی صورتحال سے بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے، متاثرہ علاقوں میں اشیاء خورد نوش اور صحت کی سہولیتں بہم پہنچائی جارہی ہیں ۔
وزیراعظم نے کہاکہ زرعی ، کمرشل ، صنعتی شعبوں کے نقصانات کا اندازہ لگایا جارہا ہے ، سیلاب سے تباہی اور نقصانات ہوئے ہیں ہم لوگوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی آباد کاری کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ زیادہ نکلا تو مزید ریلیف کیلئے اقدامات کریں گے۔