ویب ڈیسک : سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موسمیاتی اورزرعی ایمرجنسی لگانے پر وزیراعظم کا مشکور ہوں، وزیراعظم کا شکریہ کہ انہوں نے ایمرجنسی کا اعلان کیا، حکومت جلد اقوام متحدہ سے امداد کی اپیل کرے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کشمور میں دریائے سندھ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی لگائیں، وزیراعظم کا شکریہ کہ انہوں نے ایمرجنسی کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول نے کہا تھا متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے امداد دیں لیکن وہ اب تک نہیں دی گئی، بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا تھا کہ عالمی امداد کی فوری اپیل کریں، وہ اب تک نہیں کی گئی، وفاقی حکومت جلد اقوام متحدہ سے امداد کی اپیل کرے۔ انہوں نے کہا کہ توڑی بند اور کے کے بند گڈو بیراج کے کمزور مقامات ہیں، صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات کرلیے، کشمور سے 30 ہزار متاثرین کو نکالا ہے لیکن ریلیف کیمپوں میں کوئی نہیں آیا، تاہم کشمور اور گھوٹکی کے میڈیکل کیمپوں میں لوگ اور مویشی آئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گڈوبیراج کی گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے اور یہاں سے اب تک پانی کی سطح ساڑھے 5 لاکھ کیوسک تک ہے، ہم گڈو بیراج سے چھ ساڑھے چھ لاکھ تک پانی گزار سکتے ہیں، تمام بندوں کے حساس مقامات پر مشینری موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھربیراج سے ساڑھے6سے7لاکھ کیوسک پانی گزر رہا ہے، امید ہے کہ کامیابی سے یہ پانی سکھر بیراج اور آگے سے گزار لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت تک ہماری تیاریاں پوری ہیں، اللہ نے کرم کیا ہوا ہے، اب تک کا سیلابی ریلا خیر خیریت سے گزر رہا ہے، جام خان شورو اور ان کی ٹیم نے دن رات کام کیا ہے، کابینہ کے وزرا، ارکان اسمبلی اور انتظامیہ کو شاباش دیتا ہوں۔