ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں: محسن نقوی 

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں: محسن نقوی 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور میں پولیس ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی بنوں میں شہید ہونے والے 15 پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے ملاقات ہوئی۔ 

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کی ماؤں کو دلاسہ دیا، دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ جیسی باہمت ماؤں کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔ آپ کے شیر دل بیٹوں نے جوانمردی کی اعلی مثال قائم کر کے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔  

وزیرداخلہ محسن نقوی نے  بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سی ٹی ڈی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا ۔محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں وفاقی و صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے اور ہم آہنگی پیدا کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے  خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی استعدادکار بڑھانے کے لئے وفاقی حکومت پورا تعاون کرے گی۔ 

وزیرداخلہ محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔ 

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا معائنہ کیا ۔ محسن نقوی نے جدید کیمرا  ٹیکنالوجی کے ذریعے سرویلنس کے نظام کا مشاہدہ کیا ۔ 

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کیمروں سے مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے وزیر داخلہ کو سیف سٹی پراجیکٹ اور سی ٹی ڈی کے بارے بریفنگ دی۔ 

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ 

چیف سیکرٹری، آئی جی ایف سی کے پی کے نارتھ ، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری  اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔