عرفان ملک: پنجاب حکومت نے موٹر سائیکل، کار اور کمرشل گاڑیوں کے مالکان کیلئے ٹریفک جرمانوں میں کمی کرتے ہوئے نئے ریٹس کا اطلاق کر دیا ہے، جبکہ چالان سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ون ایپ کو بھی اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اب کمرشل گاڑیوں کو بھی ٹریفک خلاف ورزی پر باقاعدہ چالان ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔
نئے قواعد کے تحت موٹر سائیکل سواروں کیلئے موبائل فون استعمال، لین لائن کی خلاف ورزی، ٹریفک بہاؤ میں خلل ڈالنے اور پریشر ہارن کے استعمال پر ایک ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بغیر ہیلمٹ، ون وے کی خلاف ورزی اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر دو ہزار روپے جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے۔
مزید برآں، کار ڈرائیورز کیلئے لین لائن کی خلاف ورزی پر دو ہزار اور ٹریفک سگنل توڑنے پر تین ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، جبکہ کمرشل گاڑیوں کیلئے بغیر لائسنس ڈرائیونگ اور سگنل کی خلاف ورزی پر پانچ ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ دھواں چھوڑنے والی موٹر سائیکل اور رکشہ پر دو ہزار، کار پر تین ہزار اور کمرشل گاڑیوں پر پانچ ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
لاہور ٹریفک پولیس کے چیف ٹریفک آفیسر سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ چالان کا مقصد شہریوں کی اصلاح اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے، لہٰذا شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔