وقاص عظیم :حکومتی امور چلانے کے اخراجات میں رواں مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق جولائی 2025 سے مارچ 2026 تک 9 ماہ کے دوران حکومتی امور چلانے پر 629 ارب روپے سے زائد خرچ کیے گئے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12.57 فیصد زیادہ ہیں۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں حکومتی امور چلانے کے اخراجات 558 ارب 77 کروڑ روپے تھے، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ان اخراجات میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی میں حکومتی امور چلانے کے اخراجات 248 ارب 40 کروڑ روپے رہے، جبکہ اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران یہ اخراجات 219 ارب 42 کروڑ روپے تھے۔ اس سے قبل جولائی تا ستمبر 2025 کی سہ ماہی میں حکومتی اخراجات 161 ارب 18 کروڑ روپے ریکارڈ کیے گئے تھے۔
سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک حکومتی امور چلانے کے اخراجات میں مزید اضافے کا امکان ہے، جبکہ جاری سال کیلئے مجموعی ہدف 971 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال 2024-25 میں حکومتی امور چلانے پر تقریباً 892 ارب روپے خرچ ہوئے تھے، جو اس سے پہلے مالی سال 2023-24 کے 784 ارب روپے کے مقابلے میں تقریباً 108 ارب روپے زیادہ تھے۔ اسی طرح مالی سال 2022-23 میں یہ اخراجات 634 ارب روپے جبکہ مالی سال 2021-22 میں 547 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے تھے۔