پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کا اجلاس ختم، تین اہم نکات پر گفتگو

پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کا اجلاس ختم، تین اہم نکات پر گفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طیب سیف : پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا۔ 

ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی نے کی۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں تین اہم نکات پر بات ہوئی۔ بانی چئیرمین عمران خان کے مقدمات کے حوالے سے قانونی ٹیم نے کور کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ 

کور کمیٹی کی جانب سے عمران خان کو جعلی مقدمات میں بغیر کسی قانونی و آئینی جواز کے پابند سلاسل رکھنے کی شدید مذمت کی گئی۔  کور کمیٹی تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ اور سائفر جیسے جھوٹے مقدمات کے غیر منصفانہ بدترین ٹرائل کے بعد عجلت میں سنائی جانے والی  سزاؤں سےعمران خان کو نشانہ انتقام بنانے کے ریاستی عزائم پوری طرح آشکار ہو چکے ہیں۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کو غیرآئینی سزائیں سنانے کے سیاہ عدالتی فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی  کارروائی کو بلاجواز تاخیری حربوں کی نذر کیا جا رہا ہے۔ عمران خان کے خلاف تمام مقدمات کی کارروائی کو آئینی و قانونی تقاضوں کے تحت آگے بڑھاتے ہوئے ان جھوٹے اور لغو کیسز کا خاتمہ کر کے بانی چئیرمین کی رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔ 

کور کمیٹی کی جانب سے سابقہ خاتون اول محترمہ بشریٰ بی بی کی صحت اور زندگی کو لاحق خطرات اور ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا، کہنا ہے کہ بانی چئیرمین کی اہلیہ محترمہ بشریٰ بی بی کو ان کی مرضی کے خلاف بنی گالہ سب جیل میں قید رکھنے اور ان کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی اور ان کی صحت اور زندگی کو لاحق خطرات کے فوری ازالہ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ 

کور کمیٹی کی جانب سے پنجاب کے مختلف حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل غیر آئینی قرار دیا گیا، کہنا تھا کہ 8 فروری کے بعد نئے سرے سے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر تحریک انصاف کی آئینی نشستیں چھین کر غیر قانونی طور پر ن لیگ کو دی جا رہی ہیں۔ تحریک انصاف کے امیداروں کے پاس موجود حقیقی فارم 45 کی روشنی میں ان تمام حلقوں کا بھی آڈٹ کیا جائے اور تحریک انصاف کی چوری شدہ تمام نشستیں آئین و قانون کے مطابق واپس کی جائیں۔ 

 وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بارے تفصیلی آگاہ کیا ، علی امین گنڈاپور نے دیگر اہم دو شخصیات سے ملاقات بارے بھی تفصیلی گفتگو کی۔ 

 اجلاس میں وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ، عمر ایوب ، شاہ فرمان شعیب شاہین، علی محمد خان، بابر اعوان اور نیاز اللہ نیازی شریک تھے۔