ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈیرہ اسماعیل خان: سی ٹی ڈی کی کامیاب انٹلیجنس بیسڈ کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان: سی ٹی ڈی کی کامیاب انٹلیجنس بیسڈ کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی: سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی ٹیمز نے کامیاب انٹلیجنس بیسڈ آپریشن میں 3 مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت نعمت اللہ، عبد الروف افغانی اور مصطفی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ دہشتگرد پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں براہِ راست ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے 3 کلاشنکوفیں، 9 میگزین، 2 ہینڈ گرینیڈز اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔ واقعہ کی تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی ٹیمز نے جائے وقوعہ پر دہشتگردوں کو گھیرے میں لیا تو انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ کی، جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز نے حق خود حفاظت استعمال کرتے ہوئے دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ فتنہ الخوارج کو عبرت بنانے کے لیے ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کا ردعمل انتہائی سخت ہوگا اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ڈی آئی خان میں ہلاک دہشتگردوں کو بھارتی سپانسرڈ قرار دیتے ہوئے سی ٹی ڈی کی ستائش کی اور کہا کہ یہ کارروائی خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے تمام فورسز کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے تاکہ فتنہ الہندوستان کے ناسور کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔