سٹی 42: باکو میں پاکستانی سفارتخانے میں یومِ آزادی پاکستان کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی پرچم لہرایا گیا جبکہ آذربائیجانی مقررین نے اردو میں خطاب کرکے پاکستان سے محبت اور دونوں ممالک کے مضبوط ثقافتی رشتوں کا اظہار کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے یومِ آزادی کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
پاکستانی سفیر قاسم محی الدین نے بانیانِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے وژن اور اصولوں کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے تمام شعبوں میں اہم پیش رفت کی ہے اور خطے سمیت دنیا میں امن کے لیے کوششوں کے باعث عالمی سطح پر احترام حاصل کیا ہے۔
قاسم محی الدین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور تاریخی و ثقافتی رشتوں پر قائم ہیں۔
تقریب میں آذربائیجانی اردو اسکالر رووشن شیران خالی اور باکو اسٹیٹ یونیورسٹی کی طالبہ نازنین شاہ گل دیوا نے اردو میں خطاب کیا۔ ان کے خطابات میں پاکستان سے محبت اور دونوں ممالک کے گہرے ثقافتی تعلقات کی عکاسی کی گئی۔
یومِ آزادی کی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، سفارتی شخصیات، ماہرینِ تعلیم، طلبہ، میڈیا نمائندگان اور آذربائیجان کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔