سٹی 42: پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کا 80واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا گیا، جہاں بھارت میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے چانسری لان میں قومی پرچم لہرایا۔
تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کے ارکان اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی، جبکہ اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے پختہ عزم کی فتح اور علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد کی تکمیل تھا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان نے زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے، جبکہ ملک کی جوہری صلاحیت جنوبی ایشیا میں استحکام کا باعث ہے۔
ناظم الامور نے مادر وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملکی دفاع میں پاک مسلح افواج کے کردار کو سراہاتے ہوئے کہا کہ آزادی خداوند کریم کا انمول تحفہ ہے اور نئی دہلی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اس احساس کی گہرائی مزید بڑھ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری کے اصولوں پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی معاہدہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کے فروغ کی جانب اہم سنگ میل ہے۔
سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ تنازع جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل سے ہوکر گزرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ استصواب رائے کا حق ملنے تک پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
ناظم الامور نے اس امید کا اظہار کیا کہ اللہ کے کرم، قومی اتحاد اور محنت سے پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا اور ملک کا ہلالی پرچم سربلند رہے گا۔
تقریب کے دوران روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور تقاریر کیں، جن میں قیام پاکستان کے لیے کی جانے والی تاریخی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔
پاکستان کے ناظم الامورسعد احمد وڑائچ نے قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی، وژن اور تاریخی جدوجہد پر مبنی تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیا، جو بانی پاکستان کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی طور پر ترتیب دی گئی ہے۔