سٹی42: 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر لاہور پولیس نے سیکیورٹی کے سخت اور مربوط انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق جشنِ آزادی کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ پارکوں، پبلک مقامات اور اہم تنصیبات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ون ویلنگ، ہلڑبازی، سڑکوں کی بلاکنگ اور ریسنگ پر مکمل پابندی ہو گی۔خواتین کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
تقریبات کے اختتام تک پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔ حساس مقامات پر اضافی سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔ٹریفک کی روانی کے لیے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا گیا ہے۔