سٹی42: لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر اور پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری ہے جبکہ ناکہ جات سے گزرنے والی گاڑیوں اور مشکوک افراد کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ علی الصبح ناکہ شیرا کوٹ پر کارروائی کے دوران 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق معمول کی چیکنگ کے دوران غیر ملکی باشندوں پر شک گزرنے پر انہیں روکا گیا۔ تمام مشتبہ افراد کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے لاہور میں داخل ہو رہے تھے۔ مشتبہ افراد کے قبضے سے ایک خاتون کا شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا، جس کی بنیاد پر انہوں نے بس کی ٹکٹ حاصل کی تھی۔
حراست میں لیے گئے مشتبہ افراد میں عابد، ضیا، حمید، عادل، عنائت، راحت، احسان، نقیب، فیض، امجد اور صفی اللہ شامل ہیں۔ تمام افراد کو تصدیق اور شناخت کے لیے تھانہ شیرا کوٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے تعلیمی اداروں کیلئے سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ کالجز کو ایک گیٹ سے مرکزی داخلے، دیگر تمام دروازے بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، اس کے علاوہ کالجز میں داخلے کے وقت تمام بیگز، گاڑیاں چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق پنجاب کے کالجز کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈٹیکٹرز استعمال کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، طلبا اور عملے کو ہروقت اپنے شناختی کارڈز ساتھ رکھنے ہوں گے، کالجز میں اسٹیکرز کے بغیر گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کالجز کی سرحدی دیواروں پر خاردار تاریں نصب کی جائیں، رات کے اوقات میں تمام کالجز کے احاطے میں روشنی کا انتظام کیا جائے، تمام کالجز کو مناسب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور 24 گھنٹے فعال رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ طلبا کی تعداد کی بنیاد پر کالجز کو سیکیورٹی عملہ بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے، اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ آگ بجھانے کے آلات، فائر الارمز تمام عمارتوں میں نصب کیے جائیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اساتذہ اور طلبا کی ٹریننگ کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔