ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عاقب جاوید کا ریڈ بال کیمپ پر زور، کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ کے لیے مکمل تیاری کا مشورہ

عاقب جاوید کا ریڈ بال کیمپ پر زور، کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ کے لیے مکمل تیاری کا مشورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رانا آزار: ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ریڈ بال کیمپ کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کا بہترین موقع ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کھلاڑیوں کے لیے ایک مشکل اور منفرد چیلنج ہوتی ہے، اس لیے طویل فارمیٹ کی تیاری انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک طویل عرصے کے بعد مسلسل پانچ ٹیسٹ میچز کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، جس سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی دو ماہ تک کیمپ میں مسلسل محنت کریں تو ان کا ذہنی اور فنی انداز بہتر ہوگا اور ایک مضبوط مائنڈ سیٹ تشکیل پائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کے پاس موقع ہے کہ وہ آنے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے خود کو مکمل طور پر تیار کریں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ بعض کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر خود کو منوانے اور مستقل مزاجی حاصل کرنے میں وقت لگتا ہے، اس لیے انہیں مناسب مواقع دینا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریڈ بال کیمپ کے اختتام کے بعد بعض کھلاڑیوں کو وائٹ بال کیمپ میں بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ مختلف فارمیٹس کے لیے موزوں کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جا سکے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے کہا کہ کامران غلام کی جہاں ضرورت محسوس ہوئی انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا، جبکہ عرفان نیازی کے پاس بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور خود کو ثابت کرنے کا اچھا موقع موجود ہے۔

ایشین گیمز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ ایونٹ کے لیے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور نئے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔